eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

عالمی عدالت انصاف نے کیس نہ سننے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی

عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیس کے فیصلے میں جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات کو درست  قرار دیتے ہوئے کیس نہ سننے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے17رکنی پینل میں سے16 ججز موجود ہیں۔

عالمی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی اموات ہوئیں، عدالت غزہ میں انسانی المیے کی حد سے آگاہ ہے، جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات میں سے کچھ درست ہیں۔

عالمی عدالت نے غزہ نسل کشی کیس معطل کرنے کی اسرائیل کی درخواست کو  مسترد کردیا اور کہا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی مقدمے میں فیصلہ دینا عدالت کے دائرہ اختیار میں ہے۔

آئی سی جے کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے پاس اسرائیل کے خلاف نسل کشی کیس دائر کرنے کا اختیار ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ نے 29 دسمبر کو اس عدالت میں درخواست دائر کی، حماس حملے کے جواب میں اسرائیلی حملوں میں بہت جانی اور انفرا اسٹراکچر نقصان ہوا ہے، اقوام متحدہ کے کئی اداروں نے اسرائیلی حملوں کے خلاف قراردادیں پیش کی ہیں، عالمی ادارہ انصاف نے غزہ میں انسانی نقصان پر تشویش ظاہر کی۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ غزہ میں جنگ بندی، امداد کی فراہمی کے حوالے سے ہوگا۔

عالمی عدالت انصاف کے باہر فلسطینیوں اور اسرائیلی اقدامات کے مخالفین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

فلسطینی نوجوان کا کہنا ہے کہ  آج ہمارے لیے بڑا اہم دن ہے، توقع ہے عالمی عدالت فلسطینیوں کے ساتھ انصاف کرے گی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست  میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی عدالت انصاف اسرائیل کو غزہ میں فوجی آپریشن بند کرنے کا حکم دے۔

11 اور 12 جنوری کو ہونے والی سماعت میں جنوبی افریقا اور اسرائیل نے دلائل دیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button