ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے سب کے ساتھ بات چیت ممکن ہے۔
عام انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی جماعتیں حکومت سازی کے لیے سرگرم ہیں۔ اس موقع پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلیے سب کے ساتھ بات چیت ممکن ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ملک کی بقا اور مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر اور اقتدار زبردستی مجرموں میں بانٹنے سے خلیج بڑھے گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام خصوصاً نوجوان نسل نے تحریک انصاف ہی کو اپنی نمائندگی کا واضح حق دیا۔ عوامی تائید کی بنیاد پر ہم پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ بغض اور تعصّب سے آزاد ہو کر بانی پی ٹی آئی کو فوراً رہا کیا جائے اور چوری شدہ مینڈیٹ کوعوام کے حقیقی نمائندوں اور حقداروں کو واپس لوٹا کر ملک کو عوامی مینڈیٹ کے مطابق سنگین معاشی و انتظامی بحرانوں سے نکالنے کا موقع دیا جائے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کا گروپ 93 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔ ن لیگ 75 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پی پی 54 نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
تاہم ان نتائج کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو تنہا حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل نہیں ہے جس کے بعد اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطے، ملاقاتیں، مذاکرات اور جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔