eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس: ’یہ الیکشن دھاندلی کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا‘

اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتو ہو کہ انھوں نے جن حالات میں 8 فروری کو گھروں سے نکل کر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا ہے وہ لازوال ہے اور اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔‘

اُنھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’رات 10 بجے تک جتنے پولنگ سٹیشنز کے نتائج آئے اُن کے مطابق میں جیت رہا تھا، یہ محض انتخابی فراڈ نہیں بلکہ جمہوریت پر حملہ ہے۔‘

پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رؤف حسن نے بھی انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’قومی اور صوبائی اسمبلی میں جو ووٹ ڈالے گئے اُن میں بہت بڑا فرق ہے، فارم 45 کے مطابق جو آزاد اُمیدوار جیتے تھے وہ فارم 47 میں ہارے ہوئے ہیں۔‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ الیکشن دھاندلی کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔‘

اسی موقع پر رحانہ ڈار نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سیالکوٹ میں ایک ماں کو نہیں بلکہ عمران خان کو ووٹ دیے۔ انھوں نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’میں ایک گھریلو خاتون تھی میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا مگر میرے گھر پر خواجہ آصف کے کہنے پر جو حملہ کروایا گیا اور مُجھ پر جو تشدد ہوا میں نے اُس کے بعد سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔‘

اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’اب بھی عام انتخابات کے بعد سامنے آنے والے نتائج پر اگر کسی فردِ واحد یا کسی بھی سیاسی جماعت کو اعتراض ہے تو اُس کے لیے انھیں الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹانے کی ضرورت ہے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button