لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان گروپ (پروفیشنل گروپ) کے حمایت یافتہ امیدوار اسد منظوربٹ نے بطور صدر میدان میں مار لیا ۔
تفصیلات کے مطابق پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ اسد منظور بٹ صدر لاہور ہائیکورٹ بار منتخب ہو گئے ، پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ اسد منظور بٹ6 ہزار 195 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ، سردار علی گہلن 3 ہزار 344ووٹ لیکر نائب صدر منتخب ہوئے ، قادر بخش چاہل 7ہزار 119 ووٹ لے کر سیکرٹری اور فلک ناز گل 5503 ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری منتخب ہوئیں، چئیرمین الیکشن بورڈ نے بائیؤ میٹرک نتائج کا اعلان کیا، نومنتخب صدر سیکرٹری سپریم کورٹ بار بھی رہ چکے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات میں 15 ہزار سے زائد وکلاء نے ووٹ کاسٹ کیا، سابق صدرِ سپریم کورٹ بار احسن بھون ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی ، صدر بار اشتیاق اے خان ، نائب صدر ربعیہ باجوہ ، سیکرٹری صباحت رضوی ،سابق وائس چیئرمین پنجاب بارکونسل فرحان شہزاد ،سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار وسیم ممتاز ملک ،سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا ،صدارتی امیدوار ہائیکورٹ بار ثاقب اکرم گوندل ، اسد منظور بٹ ،سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار جسٹس ریٹائرڈ عبدالرحمان انصاری ،سابق ایڈوکیٹ جنرل احمد اویس ، سابق ایڈووکیٹ خواجہ حارث اور ناجیہ نورین میتلا ایڈوکیٹ ووٹ کاسٹ کرنے والوں میں شامل ہیں ۔