جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ن لیگ، پیپلزپارٹی کی آخری حکومت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ایک چور کے بعد دوسرے چور کومسلط کیا جا رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ اور پی پی کی یہ آخری حکومت ہوگی لوگوں کو یقین دلاتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ جعلی حکومت کی عمارت کا ملبہ اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوگا۔ قوم سوال کرتی ہے قطاروں میں کھڑا کرکے وقت کیوں ضائع کیا گیا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ الیکشن میں کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں جیتنے والے امیدوار ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ سلیکٹڈ اور امپورٹڈ سے ڈیفیکٹڈ وزیر اعظم کی تشکیل کا سفر جاری ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سویلین بالادستی قائم کرنا ہوگی، عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔
ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 2024 کا الیکشن 2018 کا فیز ٹو تھا جو بھی حکومت بنی چل نہیں سکے گی، نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی سے مزید انتشار پھیلے گا۔