پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے میں مسلسل اضافہ ہونے لگا جب کہ ایئرلائن عملے کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام ہے۔
ٹورنٹو پرواز پر تعینات پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان مبینہ طور پر ہوٹل چھوڑ کر غائب ہو گیا۔ پی آئی اے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 29 فروری کو پی آئی اے کی پرواز نمبر 782 پر تعینات فضائی میزبان واپسی کے لئے ڈیوٹی کے لئے نہیں پہنچا۔
جبران بلوچ نامی فلائٹ اسٹیورڈ اس ماہ میں سلپ ہونے والا دوسرا فضائی میزبان ہے۔ عملے کی جانب سے جبران بلوچ کے کمرے کی تلاشی پر اس کے سلپ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق جبران بلوچ کے مبینہ طور پر غائب ہونے اطلاع ٹورنٹو پولیس اور باڈر سیکیورٹی فورس کو کر دی گئی ہے۔
کچھ روز قبل ایک خاتون ائیر ہوسٹس بھی ہوٹل سے لاپتہ ہوچکی ہیں۔ ٹورنٹو پرواز پر تعینات عملے کے پاسپورٹ حکام کے پاس جمع کرانے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ چند ماہ میں ٹورنٹو پروازوں پر تعینات 12 کے قریب فضائی میزبان سلپ ہوچکے ہیں
فضائی میزبانوں کے غائب ہونے کی بنیادی وجہ قومی ائیر لائن کا مخدوش مستقبل اور انتہائی کم تنخواہیں ہیں۔