رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جس میں مسلمان سارہ دن بھوکے رہ کر روزہ رکھیں گے اور عبادات میں مشغول رہیں گے۔
رواں سال دنیا کے زیادہ تر ممالک میں رمضان المبارک ٹھنڈے موسم میں آرہا ہے جس میں پاکستان کے کچھ شہر بھی شامل ہیں۔
ممکنہ طور پر رمضان المبارک کا آغاز 11 یا پھر 12 مارچ کو ہوگا، مختلف ممالک میں روزے کے اوقات کار مختلف ہوتے ہیں اس سال کی حد 12 گھنٹے اور 17 گھنٹے سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔
اس سال کونسے ممالک ہوں گے جہاں کے شہری کم وقت کے روزے رکھیں گے اور وہ ممالک جہاں طویل دورانیہ کا روزہ ہوگا۔
اس سال چلی کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے دوران اوسطا 12 گھنٹے 44 منٹ کے روزے رکھنا ہوں گے جو کہ مختصر ترین وقت ہے۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، ارجنٹائن اور جنوبی افریقا میں بھی اس سال روزے کا دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے ہوگا۔
فن لینڈ، گرین لینڈ اور آئس لینڈ کے مسلمان اس سال سب سے طویل روزہ رکھیں گے، ان ممالک کے شہری ماہ مقدس کے دوران روزانہ اوسطاً 17 گھنٹے روزہ رکھیں گے۔