eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

’پیپلز پارٹی ہی (ن) لیگ کی سیاست پر آخری ٹھپہ لگائے گی‘

سابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی مسلم لیگ (ن) کی سیاست پر آخری ٹھپہ لگائے گی، وہ اسے ایسا پش کرے گی کہ اقتدار نہیں رہے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آصف علی زرداری نے باریک بینی سے کام اتارا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ آئنسٹائن نہیں گھبرایا تھا تو شہباز شریف بھی نہیں گھبرائے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ آصف علی زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، ان کی کوالٹی ہے کہ ساتھ لے کر بھی چلتے ہیں اور دھکا بھی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم اور فیڈریشن آئنسٹائن اور بزدار ٹو کسی صورت نہیں چلے گا، الیکشن کے 2013 کے فیصلے آج بھی زیرِ سماعت ہیں، پوری حکومت کا ٹیسٹ ٹرائل رمضان میں ہم دیکھ لیں گے۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا آئینی عہدے لینے کا فیصلہ بہت ہی متاثر کن ہے، پی پی اسٹرنگز اپنے پاس رکھے گی اور آئی ایم ایف سے گفتگو میں کچھ اور بھی لے گی، یہ بجٹ کے موقع پر پنجاب میں بھی حصہ لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے ٹھیکیدار بننے والوں کو جمہوریت جمہوریت کھیلنے کا شوق تھا لیکن سپہ سالار کو کریڈٹ جاتا ہے انہوں نے صورتحال کنٹرول میں رکھی، ٹھیکیدار جیسے ہی آئے 11 روپے پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ جن لوگوں کو ہر بار بری الذمہ قرار دیا جاتا ہے وہی آج گوادر میں کام کر رہی ہے، بندر بانٹ کے بعد عشائیوں کے علاوہ اب تک حکومت نے کیا کام کیا ہے؟ جن لوگوں نے بگاڑ کیا ہے وہ ملک کو کیسے سنوار سکتے ہیں؟

’9 مئی واقعات کے کیسز میں طوفانی تیزی آنے والی ہے‘

پروگرام میں فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے کیسز میں طوفانی تیزی آنے والی ہے، آرمی ایکٹ میں بھی ضرورت پڑی تو ترمیم کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی میں جو بھی لوگ ملوث ہیں ان کو سزائیں تو ہونا ہیں، کلیجہ چھلنی کر دیں اور ریاست خاموش بیٹھی رہے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔

فیصل واوڈا نے پیشگوئی کی کہ موجودہ حکومت بہت زور بھی لگا لے تو 2 سال چلے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button