مکیش امبانی کی رہنمائی میں، امبانی خاندان ہندوستان اور ایشیا میں سب سے ممتاز اور امیر خاندانوں میں سے ایک ہے۔
ان کا کاروبار، ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ، پیٹرو کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن اور ریٹیل جیسے شعبوں میں پھیلا ہوا ہے۔
مکیش امبانی کی اہلیہ، نیتا امبانی، اپنے فلاحی کاموں اور ہندوستان میں تعلیم اور کھیلوں کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے بھی یکساں طور پر ممتاز ہیں۔
مکیش اور نیتا امبانی کے تین بچے آکاش، ایشا اور آننت ہیں جو آہستہ آہستہ خاندانی کاروبار کی باگ ڈور سنبھال رہے ہیں۔
امبانی خاندان کے افراد کا تعلیمی پس منظر اکثر عام لوگوں کے لیے دلچسپی کا موضوع بنا رہتا ہے۔
مکیش امبانی:
بھارتی ویب سائٹ ’دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق مکیش امبانی کا تعلیمی سفر ممبئی کے ہل گرینج ہائی اسکول سے شروع ہوا تھا، اس کے بعد انہوں نے سینٹ زیویئر کالج سے تعلیم حاصل کی۔
بعد ازاں اُنہوں نے ممبئی یونیورسٹی سے بیچلر آف کیمیکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔
امبانی کو علم کی جستجو نے ایم بی اے کے لیے اسٹینفورڈ یونیورسٹی پہنچا دیا، ڈگری مکمل کرنے سے پہلے ہی مکیش امبانی نے 1980ء میں خاندانی کاروبار میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
نیتا امبانی:
نیتا امبانی نے ممبئی کے نرسی مونجی کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس سے بیچلر آف کامرس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے مشہور ہونے سے قبل وہ ایک تربیت یافتہ بھرتناٹیم ڈانسر اور استاد بھی تھیں۔
آکاش امبانی:
مکیش امبانی کے بڑے بیٹے آکاش امبانی نے ممبئی کے دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد براؤن یونیورسٹی، USA سے اکنامکس میں بیچلر ڈگری کے ساتھ گریجویشن کیا ہے۔
ایشا امبانی:
آکاش امبانی کی جڑواں بہن، ایشا امبانی نے ییل یونیورسٹی سے سائیکالوجی اور ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کی تعلیم حاصل کی ہے۔
بعد ازاں انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے بھی کیا ہوا ہے۔
آننت امبانی:
مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی نے بھی براؤن یونیورسٹی اور اپنے بہن بھائیوں کی طرح دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول سے بھی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
مکیش اور نیتا امبانی نے بچوں کی شادی کے بعد اپنے خاندان میں نئے ارکان کا استقبال کیا ہے۔
آکاش امبانی کی اہلیہ کا نام شلوکا مہتا ہے جو ہیرے کے صنعتکار رسل مہتا کی بیٹی ہیں۔
انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے اینتھروپولوجی میں گریجویشن جبکہ لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس سے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
دوسری جانب مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی نے صنعتکار اجے پیرامل کے بیٹے آنند پیرامل سے شادی کی ہے۔
آنند پیرام کا تعلیمی پس منظر شلوکا جیسا ہی ہے جس نے پرنسٹن یونیورسٹی اور لندن اسکول آف اکنامکس سے ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
رادھیکا مرچنٹ نے حال ہی میں بطور نیا رکن اس خاندان میں قدم رکھا ہے۔
آننت امبانی کی منگیتر رادھیکا کاروباری پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں جو کہ معروف شخصیات ویرین اور شیلا مرچنٹ کی بیٹی ہے۔
رادھیکا مرچنٹ نے نیویارک یونیورسٹی میں سیاست اور معاشیات میں اپنی تعلیم مکمل کی ہے اور نیتا امبانی کی طرح ایک تربیت یافتہ بھرتناٹیم ڈانسر ہیں۔