eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

رمضان شروع ہوتے ہی خودساختہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں خودساختہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ناجائز منافع خوروں نے پھل، سبزی، گوشت، اجناس سب کی قیمتیں بڑھا دیں۔

رمضان المبارک مسلمانوں کا مقدس مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں کا نزول کثرت سے ہوتا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہوتے ہی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں خاص کمی کر دی جاتی ہے لیکن پاکستان میں ہمیشہ اس کے الٹ ہوتا ہے اور رمضان کا چاند نظر آتے ہی ہر چیز کے نرخ خودبخود آسمان پر پہنچ جاتے ہیں۔

امسال بھی رمضان کا چاند نظر آتے ہی کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، فیصل آباد، حیدرآباد سمیت ملک کے طول وعرض میں ایک بار پھر مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا۔ ناجائز منافع خوروں نے پھلوں، سبزیوں، گوشت، اجناس کی قیمتوں میں من مانا اور کئی گنا اضافہ کر کے پہلے ہی مہنگائی سے ستائے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔

کراچی میں ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ پھلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ مہنگائی مافیا نے تمام اقسام کے پھل مہنگے کر دیے جو عام لوگوں کی قوت خرید سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف انتظامی مشینری نظر نہیں آ رہی ہے۔ شہریوں کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی سے ہی مال مہنگا ملتا ہے پھل فروش کہتے ہیں کہ انتظامیہ سبزی منڈی میں کاروائیاں کرے۔

پشاور میں ناجائز منافع خوروں نے کھجور کی قلت کا بہانہ بنا کر اس کی قیمت میں من مانا اضافہ کر دیا اس کے ساتھ ہی دیگر اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں جس سے عام شہری کے لیے سحر وافطار کا بندوبست کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی پھل، سبزی، گوشت، آٹا ، چینی، گھی، پیاز، ٹماٹر، لہسن کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

مہنگائی کے مارے ملک بھر کے روزہ داروں نے حکومت، انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صرف دعوے اور اعلانات نہ کریں بلکہ گراں فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کر کے اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے خور ونوش سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button