پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا ہے کہ یہ 20 سیٹوں کے بدلے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو کینیڈا میں تعینات کرنا چاہتے ہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ الیاس مہربان کو دلیری سے سینیٹ الیکشن لڑنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ملتان کی سیٹ ہماری ہے گیلانی نے راہ فرار اختیار کیا۔
مخصوص نشستوں کے بارے میں عمر ایوب نے کہا کہ ہم ریزرو سیٹوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے دعویٰ کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو کینیڈا میں سفیر لگایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان راجہ کو یہ حکومت کینیڈا بھیج رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو مستعفی ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات پر عمر ایوب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے صوبے کے پیسے لینے تھے اس لیے ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جب وفاق سے پیسے وصول کرنے ہیں تو پھر مسکراہٹیں ہی ہوں گی کوئی ڈنڈا تو نہیں چلے گا۔
الیکشن کمیشن کے علی امین گنڈاپور کو طلب کرنے پر عمر ایوب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو نوٹس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت 300 سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، قید آئین اور قانون کے خلاف ہے۔