eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن کی بھی گیس مزید مہنگی کرنیکی درخواست

سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن کی جانب سے بھی گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواست کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایس این جی پی ایل نے گیس کی قیمت میں 147 فیصد تک مزید اضافہ مانگ لیا ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی درخواست کی ہے۔

سوئی ناردرن گیس کی قیمت میں 2646.18 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا تقاضہ کیا گیا ہے۔ سوئی ناردرن نے نئی اوسط گیس قیمت 4446.89 روپے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 189 ارب 18 کروڑروپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے۔ اوگرا سوئی ناردرن کی درخواست پر 25 مارچ کو لاہور میں سماعت کرے گا۔

اس سلسلے میں اوگرا کی جانب سے درخواست پر 27 مارچ کو پشاور میں بھی سماعت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے آئندہ مالی سال سے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

اوگرا کو دی گئی درخواست میں ایس ایس جی سی نے یکم جولائی 2024 سے گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے گیس کی قیمت میں 324.03 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی اجازت مانگی ہے۔

نئی اوسط گیس قیمت 1740.80 روپے مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ مذکورہ درخواست میں سوئی سدرن نے 79 ارب 63 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے۔

جس میں مقامی گیس کی مد میں ریونیوشارٹ فال کا تخمینہ 56 ارب 69 کروڑ روپے جب کہ آر ایل این جی کے شارٹ فال کا تخمینہ 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button