وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری جون تک ہو جائے گی جس کے لیے قانون سازی ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقصان میں چلنے والے ادارے کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے قانونی سازی ہوچکی ہے، ہولڈنگ کمپنی کو تشکیل دے دی گئی جس کے بعد پی آئی اے کی نجکاری ہوجائے گی، جون تک پی آئی اے کی ایئرلائن کمپنی کے طور پر نجکاری ہوجائے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری پر پیپلزپارٹی سے اختلافات پر بات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کئی سمجھدار لوگ موجود ہیں، مجھے یقین ہے کہ جب ہم بیٹھیں گے اور آپس میں سر جوڑیں گے تو ضرور کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف حکومتیں خسارے میں چلنے والے اداروں بالخصوص پی آئی اے کی نجکاری کی منصوبہ بندی اور کوششیں جاری رکھے ہوئی ہیں۔
تاہم اب تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے لیکن نومنتخب حکومت جلد از جلد پی آئی اے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کے لیے پرعزم ہے۔
حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ گزشتہ سال جون میں آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کے چند ہفتے بعد ہی کرلیا تھا۔