بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے اہم رہنما و سابق وفاقی وزیر حماداظہر کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بیرسٹرگوہر کے مطابق حماداظہر کے استعفیٰ کو بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھا گیا اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کی روشنی میں نے استعفیٰ منظور نہ کرنےکا فیصلہ کیا۔
اپنے ٹوئٹ میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حماداظہر نے بہادری سے اپنے تنظیمی فرائض سرانجام دیے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے وفا کی راہ میں قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے ان کی بے مثال جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں حماداظہر سے التماس ہے کہ وہ لگن سے اپنے تنظیمی فرائض سرانجام دیتے رہیں ان پر بانی پی ٹی آئی اور پوری جماعت کا مکمل اعتماد ہے۔
دو روز قبل حماداظہر نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوایا تھا جس میں مستعفی ہونے کی وجوہات بیان کی گئی تھیں۔
انہوں نے لکھا کہ بہت سوچ بچار کے بعد میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ حماداظہر کا کہنا تھا کہ سمجھتا ہوں پنجاب میں پارٹی کی مؤثر قیادت کیلئےگراؤنڈ پر موجود ہونا ضروری ہے سمجھتاہوں کہ بانی چیئرمین تک براہ راست رسائی ضروری ہے۔