اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے عمر ایوب کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کردیا، جس پر عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی ، بیرسٹر گوہر اور پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق عمر ایوب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کردیا گیا ، اسپیکر قومی اسمبلی نے اسکروٹنی کےبعدقائدحزب اختلاف کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ، بیرسٹر گوہر اور پارٹی کا شکر گزار ہوں، اکثریت اور حکومت تحریک انصاف کی ہونی چاہیے تھی۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ فارم 45 کی جگہ فارم 47 والوں کی حکومت بنا دی گئی ، بدقسمتی سے حکومت آئین و قانون کی پاسداری نہیں کر رہی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط لکھنے کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے ہماری موجودگی میں سکروٹنی کی۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق سے عمر ایوب کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔
اسپیکر ایاز صادق نے عمر ایوب سمیت دیگرارکان کو اپنے چیمبر میں طلب کیاتھا ، اسپیکر کے دئیے گئے وقت تک صرف عمر ایوب کی نامزدگی اسپیکرآفس کو موصول ہوئی۔