پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے فاسٹ بولر احسان اللہ کا علاج انگلینڈ سے کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ احسان اللہ کی کہنی کی انجری کی غلط تشخیص کی گئی جس کی وجہ سے ان کی سرجری ناکام ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز نے کہنی کی انجری کے باوجود احسان اللہ کو پی ایس ایل 9 میں ریٹین کیا جس کا مقصد ملتان سلطان کے فیزیو، اسٹرینتھ کنڈیشننگ کوچ کے ساتھ کام کرنا تھا۔
علی ترین نے بتایا کہ احسان اللہ کو رواں ماہ انگلینڈ بھیج رہے ہیں، جہاں ماہر سرجن ان کا معائنہ کریں گے۔ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ہمیں احسان اللہ کے انگلینڈ میں علاج کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ نے پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔