گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 81 سے مسلم لیگ ن کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیاگیا، ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر اظہرقیوم کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں اظہر قیوم کی کامیابی کے نوٹفکیشن کو چیلنج کیا گیا۔
عدالت نے مسلم لیگ ن کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئے لیکن الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ریٹرنگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ مسلم لیگ نون کے امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے تاہم درخواست پر مزید کارروائی عید کی تعطیلات کے بعد ہوں گی۔