آج ملک بھر میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر بھرپور انداز میں منایا جائے گا
غزہ سمیت فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے یوم القدس کی ریلی میں علامہ ساجد نقوی، علامہ سینیٹر راجا ناصر عباس، لیاقت بلوچ سمیت بڑے مذہبی رہنماؤں نے عوام کو بھرپور شرکت کی اپیل کردی ۔
یوم القدس کی مرکزی ریلی جی سکس ٹو امام بارگاہ سے ڈی چوک تک مجلس وحدت مسلمین کی سربراہی میں نکالی جائے گی ۔مرکزی یوم القدس ریلی کی قیادت سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کریں گے ۔
شیعہ علماء کونسل کی ریلی راولپنڈی پریس کلب تا کمیٹی چوک نکالی جائے گی۔شیعہ علماء کونسل کی ریلی میں علامہ عارف واحدی، علامہ فرحت جوادی و دیگر شریک ہونگے ۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام القدس ریلی آبپارہ تا سرینا چوک نکالی جائے گی ۔جماعت اسلامی ریلی کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے ۔
جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام بعد از نماز جمعہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا جائے گا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کراچی،لاہور، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد، گلگت و بلتستان میں بھی بڑی ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔