امریکی انٹیلی جنس نے شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملوں کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران اگلے ہفتے تک اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملے کر سکتا ہے۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیلی سفارتی مرکز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس کے مطابق اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے ایران ڈرونز کے ساتھ کروز میزائل بھی استعمال کر سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس نے قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ ایران کی جانب سے ممکنہ حملہ رمضان ختم ہونے سے پہلے ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر اسرائیل کے میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس میں متعدد سفارتکار بھی شامل ہیں