اسلام آباد حکومت نے ایران کی سرحد تک اسّی کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانے کے پروجکٹ کے دوبارہ سروے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ میں پاکستان کی وزارت پیٹرولیئم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران کی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھانے کا سروے کافی پرانا ہوچکا ہے لہذا اس کا دوبارہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اس سروے کی توثیق کردی ہے اور اس حوالے سے ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت پیٹرولیئم نے بتایا ہے کہ اس گیس پائپ لائن پروجکٹ کے سروے اور انجینیئرنگ ڈیزائن کے لئے کنسلٹینٹس کی خدمات حاصل کی جائيں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی وزارت پیٹرولیئم کا کہنا ہے کہ ہم اٹھارہ ارب ڈالر کے ممکنہ جرمانے سے بچنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجکٹ کی امریکا کی جانب سے مخالفت پر حکومت پاکستان نے کہا تھا کہ یہ پروجکٹ پاکستان کے فائدے میں ہے۔