یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ انہوں نے برطانیہ اور اسرائیل کے 3 بحری جہازوں کو بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحر ہند میں کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق المسیرہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی اپنی تقریر میں حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سیری کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں ایک برطانوی جہاز کو میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
مقبوضہ فلسطینی بندرگاہوں پر جانے والے 2 اسرائیلی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے سیری نے اطلاع دی کہ پہلے جہازکو بحر ہند میں اور دوسرے کو بحیرہ عرب میں بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سیری کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ہم غزہ میں حملے بند ہونے تک اسرائیلی جہازوں کو بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحر ہند سے گزرنے سے روکیں گے۔
واضح رہے کہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی 31 اکتوبر 2023 سے غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے ردعمل کے طور پر یمن کے ساحل پر تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کے بارے میں ان کا موقف ہے کہ یہ اسرائیلی کمپنیوں سے وابستہ ہے۔