سرکاری عمارات، سڑکیں اور پارکس کو سیاستدانوں کے نام سے منسوب کرنے کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں ندیم سرور ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں سرکاری عمارات، سڑکوں اور پارکس کو سیاستدانوں کے نام سے منسوب کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے علامہ اقبال کی والدہ کے نام سے منسوب اسپتال کا نام تبدیل کر کے اپنے والد کے نام سے منسوب کر دیا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیاستدانوں کے نام پر متعدد سرکاری عمارتیں اور روڈز ہیں جو سراسر غلط ہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ عوامی پیسے کو ذاتی تشہیر پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، سرکاری عمارتوں کو قومی ہیروز کے نام سے ہی منسوب کیا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ سرکاری عمارتوں، پارکس کو سیاستدانوں کے نام سے منسوب کرنے کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔