eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

8 فروری کو جو ہوا آج اُس کا ایکشن ری پلے کیا گیا، سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو جو ہوا آج کے ضمنی الیکشن میں اُس کا ایکشن ری پلے کیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج پھر معقول جواز کے بغیر انٹرنیٹ بند کیا گیا، 8 فروری کے الیکشن میں بھی فارم 45 میں ردوبدل کیا گیا، قانون کہتا ہے فارم 45 کو امیدواروں کی موجودگی میں کھولا جائے لیکن اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو بیٹھتا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ٹرن آؤٹ کم ہی ہوتا ہے، 8 فروری کو جو ہوا اس کا مقصد یہی ہے کہ ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں لیکن عام انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کے باوجود آج لوگ اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالنے باہر نکلے۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 امیدواروں کے سامنے نہ دیکھا جانا یہ سوالیہ نشان اٹھاتا ہے، لوگوں کو اٹھایا گیا مارا پیٹا گیا اور لوگوں کے بینرز پھاڑے گئے، خوف کے ماحول کی وجہ سے ہمارے امیدوار مہم نہیں چلا سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حماد اظہر کو کیوں خدشات ہیں کہ گرفتار کر لیا جائے گا یہ وہ بہتر جانتے ہیں، ان کو 8 فروری کے الیکشن سے پہلے بھی انتخابی مہم کا موقع نہیں دیا گیا، وہی عمل دوبارہ دہرایا جائے گا تو نتائج بھی وہی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ضمنی الیکشن ان نشستوں پر ہی ہو رہا ہے جو 8 فروری کو (ن) لیگ کو دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button