eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا کراچی پہنچنے پر زبردست استقبال

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچ گئے، کراچی آمد پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، صدر پاکستان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سمیت دیگر اہم شخصیات نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

ایران کے صدر کی لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اپنے دورہ کراچی کے دوران ابراہیم رئیسی مزار قائد پر حاضری دیں گے، وہ مزار قائد سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچیں گے جہاں معزز مہمان کی وزیر اعلیٰ سندھ، کابینہ ارکان سے ملاقات ہوگی۔

اس دوران ایرانی صدر کو جامعہ کراچی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی سندھ سے نوازا جائے گا اور وزیر اعلی ہاؤس میں شاندارعشائیہ بھی دیا جائیگا ۔ شیڈول کے مطابق صبح کراچی سے روانہ ہوجائیں گے۔

قبل ازیں ایرانی صدر آج اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، انہوں نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا۔

بعد ازاں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دی، ایرانی صدر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سے متعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کر سکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں۔ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کے لوگوں میں ایران کے لیے خاص محبت پائی جاتی ہے۔

فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا مؤقف واضح ہے۔ مسئلہ فلسطین کا حل خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل صرف مسلم امہ کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔ غزہ میں اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کی آمد پر آج کراچی میں عام تعطیل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button