پاکستان سے بھارت پہنچ کر سچن نامی نوجوان سے شادی کرنے والی سیما حیدر کی کہانی میں ایک نیا موڑ آگیا اور اب وہ کسی بڑی مشکل میں پھنس سکتی ہیں۔
غلام حیدر (پہلا شوہر) نے بھارت میں موجود اپنے وکیل مومن ملک کے توسط سے گریٹر نوئیڈا کورٹ میں سیما کو سچن کی بیوی قرار دینے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے درخواست پر اگلی سماعت 10 جون تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار غلام حیدر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جس پر سیما کے پہلے شوہر نے بھارت جانے کا اعلان کیا ہے۔
وکیل مومن ملک کے مطابق سیما، سچن اور ان کے وکیل کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی لیکن نوٹس ملنے کے باوجود یہ تینوں پیش نہیں ہپوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے میں تینوں کو دو دو سال کی قید ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے پہلے شوہر تمام ثبوت اپنے ہمراہ بھارت لا رہے ہیں جن سے ثابت ہو جائے گا کہ میاں بیوی میں طلاق نہیں ہوئی۔
سیما حیدر نے گزشتہ سال 13 مئی کو اپنے نابالغ بچوں کے ہمراہ نیپال کے راستے بھارت پہنچ کر مذہب تبدیل کیا تھا اور سچن نامی نوجوان سے شادی کی تھی جس سے ان کی دوستی آن لائن گیم کے دوران ہوئی تھی۔