eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

انگلش جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات

برطانیہ کی حکومت نے پیر کو شمالی انگلینڈ میں جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات فعال کیے، کیونکہ اس ماہ کے اوائل میں ہونے والے فسادات میں ملوث افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سزا دی جا رہی ہے۔

فسادات میں حصہ لینے کے الزام میں سینکڑوں افراد کو سزا سنانے کے بعد "آپریشن ارلی ڈان” کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ملزمان کو پولیس کے سیلوں میں رکھا جا سکتا ہے اور جیل میں جگہ دستیاب ہونے تک انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا جائے گا۔

اس فیصلے سے انگلینڈ اور ویلز کے جیل نظام میں گنجائش کے بحران میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور نئی لیبر حکومت نے گزشتہ ماہ خبردار کیا تھا کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کے باعث یہ نظام "تباہی” کے دہانے پر ہے۔

انگلینڈ اور ویلز میں مغربی یورپ کے مقابلے میں فی کس سب سے زیادہ قیدی ہیں۔ حکومت نے پہلے ہی ستمبر میں اس بحران سے نمٹنے کے لئے ہزاروں قیدیوں کو جلد رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

"آپریشن ارلی ڈان” کے تحت شمالی انگلینڈ میں حکام ہر صبح اور دن بھر یہ جائزہ لیں گے کہ جیل میں گنجائش کے مطابق کون سے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

وزیر جیل خانہ جات جیمز ٹمپسن نے ایک بیان میں کہا، "ہم نے ایک بحران زدہ عدالتی نظام وراثت میں پایا ہے جو مشکلات کا شکار ہے۔ نتیجتاً، ہمیں اس کو چلانے کے لئے مشکل لیکن ضروری فیصلے کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔”

وزارت انصاف نے کہا کہ یہ اقدام "مختصر مدت میں کچھ علاقوں میں جیل کی گنجائش کے دباؤ کو سنبھالنے میں مدد کرے گا”۔

پولیس نے اشارہ دیا ہے کہ اس سے ان کے گرفتاریوں کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، وزارت نے مزید کہا، اور اس بات پر زور دیا کہ "جو بھی عوام کے لئے خطرہ ہے اسے ضمانت پر نہیں چھوڑا جائے گا”۔ تاہم، جیلوں اور عدالتی نظام کے کارکنوں کے نمائندوں نے خبردار کیا ہے کہ اس پالیسی سے لازمی طور پر پولیسنگ اور فوجداری انصاف کے دیگر شعبوں پر اثر پڑے گا۔

پریزن آفیسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین مارک فیئرہرسٹ نے بی بی سی کو بتایا، "فی الحال انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ ہم پولیس کے سیلوں کو بھرنے سے بچ رہے ہیں، لہذا انہیں اپنی کچھ کارروائیوں میں تاخیر کرنا پڑ سکتی ہے”۔

دریں اثنا، مجسٹریٹس ایسوسی ایشن کے ٹام فرینکلن نے کہا، "جو لوگ فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد عدالت میں پیش ہوں گے، ان میں تاخیر ہو گی کیونکہ جیل سروس اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتی کہ ان کے لئے کوئی جگہ ہو گی”۔

حال ہی میں انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ہونے والے فسادات اس وقت شروع ہوئے جب شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں ایک ڈانس کلاس کے دوران تین لڑکیوں کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔

حکام نے ان فسادات کو ہوا دینے کا الزام دائیں بازو کے انتہا پسندوں پر عائد کیا ہے، جنہوں نے پولیس پر حملے کیے اور پناہ گزینوں کو رکھنے کے لئے استعمال ہونے والی مساجد اور ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button