وزیر دفاع کے قریبی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو لندن گراؤنڈ اسٹیشن پر نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے قریبی ذرائع نے جیو نیوز کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر دفاع کو دھمکیاں اور بدسلوکی کی ویڈیو ‘حقیقی’ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ کچھ دن پہلے پیش آیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ برطانوی دارالحکومت میں کسی پاکستانی سیاسی رہنما کو ہراساں کیا گیا ہو۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے لندن کے مڈل ٹیمپل میں حملہ کیا تھا۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کو گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے مظاہرین کے ایک گروپ نے اس وقت روکا تھا جب وہ مڈل ٹیمپل کی اعزازی سوسائٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔