پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں آپریشن کے دوران 2 جوان شہید اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 14 نومبر 2024 کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر میجر محمد حسیب کی سربراہی میں سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر علاقے کی صفائی کے لیے متحرک کیا گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘اپنے فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم میں بھیج دیا گیا۔
تاہم آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 28 سالہ بہادر افسر میجر محمد حسیب جو محاذ سے اپنے فوجیوں کی قیادت کر رہے تھے، نے 38 سالہ حوالدار نور احمد کے ساتھ بہادری سے لڑنے کے بعد آخری قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
ملک میں حال ہی میں سیکیورٹی فورسز، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی چوکیوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر بلوچستان اور کے پی میں۔
ایک روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اسی روز خیبر پختونخوا کے ضلع میران شاہ میں ایک اور کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔