eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی کے فارمولے کو مسترد کردیا، آئی سی سی اجلاس ایک بار پھر ملتوی

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی تجویز کا جواب نہ دینے کی وجہ سے اجلاس ملتوی

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے حوالے سے آج ہونے والا اہم اجلاس دوبارہ ملتوی کردیا گیا کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تجویز کردہ فارمولے کو مسترد کردیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے مجوزہ حل کا جواب نہ دینے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کیا گیا۔ اب یہ اجلاس 7 دسمبر کو ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اہم اجلاس کے لیے بڑی امیدوں کے ساتھ آج صبح دبئی پہنچے جس کے دوران فروری مارچ 2025 میں پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے بھی پی سی بی کی تجاویز کو مسترد کردیا ہے جس کی وجہ سے یہ تعطل حل نہیں ہوا۔

اس کے بعد پی سی بی ذرائع نے آئی سی سی کو واضح جواب دیا کہ اجلاس صرف اس وقت ہونا چاہیے جب حتمی فیصلہ ضروری ہو اور پہلے بھارت کا مؤقف واضح کیا جائے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد آئندہ چیمپئنز ٹرافی تعطل کا شکار ہے جبکہ پی سی بی آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کے اپنے موقف پر قائم ہے۔

تاہم تازہ ترین واقعات میں پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لیے ایک نیا ماڈل زیر غور ہے جسے ‘پارٹنرشپ فارمولا’ کا نام دیا گیا ہے۔

نئے فارمولے کے مطابق پاکستان اگلے تین سال تک آئی سی سی ایونٹس کے دوران بھارت میں اپنے میچز بھی نہیں کھیلے گا۔ متوقع نئے معاہدے کے مطابق دبئی دونوں ٹیموں کے لیے نیوٹرل مقام ہونے کا قوی امکان ہے۔

بھارت اس عرصے کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا، جن میں ویمنز ورلڈ کپ 2025، سری لنکا کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی مشترکہ میزبانی اور چیمپئنز ٹرافی 2027 شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی سب سے بڑی تنظیم نے بی سی سی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذکورہ ماڈل کو قبول کرے تاکہ پاکستان کی جانب سے قانونی کارروائی سے بچا جا سکے اور ووٹنگ کے بغیر اس مسئلے کو حل کیا جا سکے۔

اگر مجوزہ فارمولے پر باہمی اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو بورڈ کے اجلاس کی ضرورت نہیں پڑے گی اور کرکٹ کی سب سے بڑی تنظیم بورڈ کے ارکان کے ساتھ اس پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button