eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

حکومت نے حج پیکج کی حتمی لاگت کا اعلان کر دیا

سرکاری حج سکیم میں چند نشستیں اب بھی دستیاب ہیں، ترجمان وزارت حج

وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سال 2025 کے طویل اور مختصر حج پیکج کی حتمی لاگت کا اعلان کردیا۔

یہ پیش رفت اسلام آباد اور ریاض کی جانب سے پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے سالانہ حج معاہدے 2025 پر دستخط کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔

معاہدے کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جنہیں کم نرخوں پر منیٰ میں خصوصی رہائش فراہم کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طویل اور مختصر حج کی حتمی لاگت بالترتیب 10 لاکھ 75 ہزار اور 11 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

حج واجبات کی تیسری قسط یکم فروری سے 10 فروری تک وصول کی جائے گی۔

وزارت حج کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم میں چند نشستیں اب بھی دستیاب ہیں، یہ نشستیں 30 جنوری تک پہلے آؤ، پہلے پاو کی بنیاد پر بھری جائیں گی۔

نئی درخواستوں کو صرف طویل حج پیکج کے لئے قبول کیا جائے گا کیونکہ مختصر حج پیکج کے لئے بکنگ پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نجی عازمین حج کے لیے بکنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔

ریگولر اسکیم کے تحت 84 ہزار 620 درخواستیں موصول

وزارت کے ایک عہدیدار کے مطابق 18 جنوری تک حکومت کی باقاعدہ اسکیم کے تحت صرف 1380 نشستیں باقی تھیں جن کے لیے درخواستیں موصول ہوں گی اور پہلی دو قسطوں کے طور پر 6 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

حکومت نے 10 جنوری سے نامزد بینکوں کے ذریعے ریگولر اسکیم کے تحت بقیہ 4500 سیٹوں پر پہلے آؤ پہلے پاو کی بنیاد پر درخواستیں وصول کرنا شروع کردی تھیں۔

وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو بھی خط لکھ کر 30 لاکھ روپے سے زائد کے حج پیکجز کی منظوری طلب کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button