eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

جے سی پی نے ہائی کورٹس کے نئے چیف جسٹس کے ناموں کا اعلان کر دیا

جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس کے ناموں سے متعلق وزیراعظم آفس کو آگاہ کر دیا

 

اسلام آباد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) نے 4 ہائی کورٹس کے لیے مستقل چیف جسٹس ز نامزد کردیئے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جے سی پی کا اجلاس ہوا جس میں ہائی کورٹ میں تقرریوں کے لیے نامزدگیوں پر غور کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس بنانے کی منظوری دے دی جبکہ جسٹس روزی خان کو بلوچستان ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا مستقل چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

کمیشن کے 16 میں سے 11 ارکان نے جسٹس عتیق شاہ کی نامزدگی کی توثیق کی۔ وہ فی الحال پی ایچ سی میں دوسرے سب سے سینئر جج ہیں۔

تاہم سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے ان کی نامزدگی کی مخالفت کی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر قانون اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے دو ارکان نے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں جے سی پی نے وزیراعظم آفس کو باضابطہ طور پر مطلع کیا کہ وہ چار ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کی منظوری دے رہے ہیں۔

فروری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججوں نے جسٹس ڈوگر کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تعیناتی اور ہائی کورٹ کے تین ججوں کے تبادلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس سمن رفعت امتیاز شامل ہیں۔

تاہم سپریم کورٹ نے 19 جون کو ججوں کے تبادلوں کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ جسٹس ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس کے بعد ججوں نے نظرثانی کی درخواست دائر کی جو زیر التوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button