حکومت نے عید الفطر پر 31 مارچ سے 2 اپریل تک تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر 31 مارچ سے 2 اپریل 2025 (پیر سے بدھ) تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
تاہم چاند نظر آنے کے اعلان سے پاکستان بھر میں عید الفطر کی تقریبات کی تاریخ کا تعین ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کا اجلاس 30 مارچ کی شام کو شوال کا چاند دیکھنے کے لیے ہوگا جس میں رمضان المبارک کے ممکنہ اختتام کی نشاندہی کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 7 مارچ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق شوال 1446ہجری کا چاند 30 مارچ کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے-
تاہم گزشتہ ماہ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن نے پیش گوئی کی تھی کہ رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ سے ہوگا جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہوگی۔
عید الفطر اسلامی قمری کیلنڈر میں ایک اہم تہوار ہے، جو رمضان کے اختتام پر منایا جاتا ہے، جب دنیا بھر کے مسلمان روزے کا ایک مہینہ مناتے ہیں۔ عید کی تقریبات تحمل نفس کے اس دور کے اختتام کی علامت ہیں۔
اس ہفتے کے اوائل میں پاکستان ریلوے نے عید الفطر سے پہلے اور بعد میں سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کے لئے چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔