الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحدی کشیدگی کے باوجود اس کی تمام تر توجہ 8 فروری کو عام انتخابات کرانے پر مرکوز ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سوال پر کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی سے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات اور ان کا شیڈول متاثر ہوگا تو اس پر ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے شیڈول کے مطابق اور اعلانیہ تاریخ پر الیکشن کرانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ایسی کوئی تجویز یا آپشن زیر غور نہیں کہ پاک ایران کشیدگی کی وجہ سے الیکشن کی تاریخ پر نظرثانی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور 8 فروری کو الیکشن کرانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔
رابطہ کرنے پر وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی یہ بتایا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران کشیدگی سے انتخابات یا ان کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا، ان کی رائے تھی کہ دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال میں کشیدگی کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا کے کچھ حلقوں سمیت کچھ عناصر پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے بہانے گھڑے جا سکیں جن کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہو، تاہم انتخابات اپنے وقت پر 8 فروری کو ہوں گے