خیرپور کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے پریشر کاک توڑ کر مال گاڑی روک دی اور اس میں لوٹ مار کی۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں نے خیرپور کے قریب ایک مال گاڑی کا پریشر کاک توڑ کر اس کو روکا پھر اس میں داخل ہوکر لوٹ مار کی۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹنڈو مستی ٹریک پر پیش آیا جہاں حد رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے اور رفتار کم ہونے کی وجہ سے ڈاکو ٹرین پر حملہ آور ہوئے جو مال گاڑی میں نصب لوہے کے آلات توڑ کر لوٹ لیے۔
ذرائع کے مطابق ٹرین ڈرائیور نے اتر کا جائزہ لیا تو ڈاکوؤں نے پتھراؤ کر کے اس کو بھگا دیا۔ متاثرہ مال گاڑی اس وقت جائے وقوعہ پر موجود ہے جب کہ واقعے کی اطلاع ریلوے کنٹرول کو دے دی گئی ہے۔
ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی وجہ سے مال گاڑیاں روک دی گئی ہیں، کراچی سے جیکب آباد جانے والی سکھر ایکسپریس کو گمبٹ میں روک دیا گیا۔