ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ ن کے وفد کی ایم کیو ایم وفد سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات ہوئی جس میں احسن اقبال، سعد رفیق، رانا تنویر، خالد مقبول، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق، آسیہ اسحاق شریک تھے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم ہرطرح سے حکومت کے ساتھ ہیں، شہباز شریف آج وزیراعظم بن جائیں گے، جیسے حالات اب ہیں شاید ہی پاکستان میں ایسے حالات آئے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں جیتنا مسئلہ نہیں کامیاب ہونا مسئلہ ہے، شہبازشریف صرف جیتے نہیں کامیاب بھی ہوں جب وہ کامیاب ہوں گے تو عوام کے مسائل کم ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے شہر میں پانی نہیں آتا، ایسی اصلاحات کریں گے جس سےعام آدمی کی زندگی میں فرق آئے وزیراعظم کے لیے خوشی سے ووٹ دیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ آنے والی حکومت کی ہر طرح حمایت کریں گے، الیکشن سے پہلے ہی آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کرچکے تھے، ن لیگ اور ہمارے درمیان کوئی مسائل نہیں۔
دوسری جانب رانا تنویر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کو ووٹ دینےکااعلان کیا ہے، شہباز شریف کی طبیعت خراب تھی ورنہ وہ خود ایم کیو ایم کے پاس آتے، ہمارا بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی کا معاہدہ ہوا ہے۔