پاکستان کی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
جمعے کو سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کی زیرِصدارت منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے درخواست کی کہ 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے سینیٹر اعجاز چوہدری کی سینیٹ میں حاضری یقینی بنائی جائے۔
سینیٹ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری 9 مئی 2023 سے متعدد مقدمات میں پنجاب پولیس کی حراست میں ہیں۔
انھوں نے ڈپٹی چیئرمین سے درخواست کی کہ صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے سینیٹر اعجاز چوہدری کی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بحیثیت سینیٹ اگر ہمارے پاس اتنی طاقت اور ہمت نہیں ہے کہ ہم اپنے ایک سینیٹر کو صدارتی ووٹ کے لیے بُلا سکیں تو پھر یہ ایک شرمناک فعل ہوگا۔‘
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری بیمار ہیں، ان کے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور اس دوران انھیں پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کی اجازت دی جائے۔
سینیٹر علی ظفر کی تقریر کے بعد سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے سینیٹ کے سیکریٹری کو حکم دیا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سیکریٹری صاحب اعجاز چوہدری صاحب کا پروڈکشن آرڈر جاری کریں صدارتی انتخاب کے لیے، یہ ان کا حق ہے اور وہ سینیٹ کے ایک رُکن ہیں۔‘