محکمہ داخلہ پنجاب سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق دو ہفتوں کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کے احکامات کے بعد جیل انتظامیہ نے صحافیوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور اب وہ جیل کے گیٹ نمبر 5 یا اس کے قریب بھی نہیں جا سکتے اور نہ ہی کوئی کوریج کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل پر ہونے والے دہشتگردی کے ناکام حملے جس میں تین دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا تھا، اس واقعے کے بعد سیکیورٹی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالتی احکامات پرجیل انتظامیہ نے منگل اور جمعرات کا دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کیلیے مختص کر رکھا تھا۔