قدرت بعض اوقات ایسے انتقام لیتی ہے کہ انسان کی سب چالاکی دھری کی دھری رہ جاتی ہے بیوی کو قتل کرکے سالی سے شادی رچانے والا شخص بھی 38 سال بعد ایسے ہی گرفتار ہوا۔
یہ واقعہ سعودی عرب ہے جس کا ماضی ایک دردناک داستان ہے، جس کی حقیقت 38 سال بعد کھلی۔ اس حقیقی کہانی میں ایک ظالم شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد بیڈروم میں ہی اسے دفن کر دیا پھر سسرالیوں کو جھوٹ بول کر سالی سے شادی رچا لی لیکن انجانے میں اس کی ایک حرکت ہی اس کے جرم سے پردہ فاش کر گئی۔
ایک مقامی چینل سے گفتگو میں سعودی پراسیکیوشن کے ایک انسپکٹر ولید الحسن نے یہ پوری دردناک داستان سنائی مگر ملزم کی شناخت بتانے سے گریز کیا۔ انسپکٹڑ ولید کے مطابق مملکت کے دور دراز علاقے میں ایک شہری کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے بیوی کو قتل کر کے بیڈ روم میں ہی اس کی لاش دفن کر دی تھی اور فرش کو دوبارہ پختہ کرکے پہلے جیسا کر دیا تھا۔
مبینہ قاتل نے سسرال والوں کو جو دوسرے ریجن میں رہتے تھے کو یہ جھوٹی اطلاع دی کہ ان کی بیٹی کینسر کے مرض میں جان کی بازی ہار گئی اور اسے سپرد خاک کر دیا۔
بعد ازاں اس شخص نے اپنی ہی سالی سے دوسری شادی کی اور نئی دلہن کے ساتھ اسی کمرے میں اپنی زندگی کے 38 سال گزارتا رہا جہاں اس کی پہلی بیوی دفن تھی اور کسی کو شک بھی نہیں ہونے دیا۔
اس دوران دوسری بیوی نے کئی بار اپنے شوہر سے دریافت کیا کہ اس کی بہن کو کہاں دفن کیا ہے مگر ہر بار وہ اسے زد وکوب کرکے خاموش کراتا رہا۔
پراسیکیوشن کے انسپکٹر کے مطابق قتل کی اس واردات کے 38 سال بعد ملزم نے اپنے گھر کی تعمیر نو کے لیے مزدور بلائے اور جب بیڈ روم کا فرش کھودا گیا تو وہاں سے انسانی ہڈیاں برآمد ہوئیں جس پر مزدوروں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے ہڈیوں کا ڈی این اے کیا تو انکشاف ہوا کہ وہ اس شخص کی پہلی بیوی کی تھی جو اس کی دوسری بیوی یعنی اپنی بہن کے ڈی این اے سی میچ کر گئیں جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔