رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں 1 اعشاریہ 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق لہسن، مٹن، بیف اور مرغی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے جبکہ کیلے اور ٹماٹر 22، 22 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اس دورانیے میں انڈے 7 فیصد اور پیاز کے نرخ بھی 6 فیصد تک بڑھ گئے۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی سالانہ شرح 32 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ایک سال میں لہسن کی قیمت 60 فیصد تک بڑھ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 185 فیصد جبکہ پیاز 90 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا 52 فیصد تک مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گڑ کی قیمت 41 فیصد اور چینی کے دام بھی 37 فیصد بڑھ گئے، ایک سال میں نمک 35 فیصد، جوتے 53 فیصد تک مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت گیس کی قیمتوں میں 570 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔