پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کر دی ہے۔
بانی تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی تحقیقات کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے یہ درخواست سینیئر وکیل حامد خان کی معرفت دائر کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ 8 فروری کے الیکشن میں جیتنے والوں کو فراڈ نتائج سے ہرانے کی تحقیقات کی جائیں اور دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل ایسا کمیشن بنایا جائے جو کوئی تعصب نہ رکھتا ہو۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔