فلسطینیوں سے اظہارِیکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر شب یکجہتی غزہ کا انعقاد کیا گیا، فلسطینی رہنما خالد قدومی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ قائدین پر شب یکجہتی غزہ سے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان اور حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا جبکہ فلسطین کے رہنما خالد قدومی ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خالد قدومی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنھوں نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھا ہے اور ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ امریکا اسرائیل کی پشت بانی کرنے والا ہے اور فلسطین پر ظلم کروارہا ہے۔ امریکا انسانیت کے نام پر بدنما داغ ہے جو دہشت گردی کروارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں دہشت گردی کرنے والوں میں امریکا، اسرائیل اور برطانیہ شامل ہیں۔ غزہ کے عوام صرف مٹی کی جگہ کے لیے جنگ نہیں کررہے بلکہ مسجد اقصیٰ کی بقا کے لیے جنگ کررہے ہیں۔
خالد قدومی نے کہا کہ اسرائیل صرف فلسطیینوں کا دشمن نہیں بلکہ تمام اسانیت کا دشمن ہے۔ بحیثیت مسلمان ہمارا فرض بنتا ہے کہ قبلہ اول کی حفاظت کے لیے اہل غزہ و فلسطین کا ساتھ دیں۔
حماس کے مجاہدین نے 7 اکتوبر سے آج تک اسرائیل کو پسپا کردیا ہے۔ اسرائیل حماس کے مجاہدین سے مقابلہ نہیں کرسکتا اس لیے وہ عام فلسطیینوں پربمباری کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے ایمان کی طاقت سے مالا مال ہوکر اسرائیل کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی کو شکست دے دی ہے اور اس کے غرور کو خاک میں ملادیا ہے۔
خالد قدومی نے کہا کہ اسرائیل نے کفی اورالشفاء اسپتال میں بمباری کر کے عورتوں اور بچوں کو شہید کیا۔ فلسطین میں اسرائیل جنگ بندی کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اسرائیلوں نے مسجد اقصیٰ کے ساتح گستاخی کی اور فلسطینی عورتوں کے ساتھ بدسلوکی کی لیکن کسی بھی مسلم حکمرانوں نے مذمت نہیں کی۔
انھوں نے کہا کہ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے درخواست کرتا ہوں کہ مہاجرین کو پاکستان میں داخل کرنے کا راستہ کھولا جائے، مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دی جائے اور ان کا علاج کیا جائے۔
دریں اثنا فاروق فرحان نے کہا کہ کراچی کے عوام کے دل اہل غزہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ غزہ کی پٹی کا 75 فیصد انفرااسٹرکچرتباہ کردیا گیا ہے۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوحی تباہ کردی۔ اہل غزہ نے ظلم کے باوجود قربانیوں کی دانستان رقم کردیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں 35 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں۔ ہم غزہ میں ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا کی دہشت گردی کی تاریخ ہے۔ امریکا نے ویتنام میں لاکھوں لوگوں کو قتل کیا۔ اسرائیل کو حماس نے شکست دے دی ہے۔