امریکی صدر کے طیارے ایئر فورس ون سے جو بائیڈن کی چیزیں غائب ہونے کے بعد صحافیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جہاز سے ان کی چیزیں اور خاص سامان چُرانا بند کر دیں۔
فروری میں صدر بائیڈن کے امریکہ کے مغربی ساحل کے دورے کے بعد ان کے طیارے ایئر فورس ون کے ریکارڈ کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پریس سیکشن میں موجود مختلف چیزیں غائب تھیں۔
ان میں برانڈڈ تکیے، گلاس، اور سونا چڑھی پلیٹیں مبینہ طور پر طیارے سے غائب تھیں۔
وائٹ ہاؤس کی کوریج کرنے والے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جہاز سے کچھ بھی لے جانا منع ہے۔
گذشتہ ماہ وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے صدر بائیڈن کے ساتھ سفر کرنے والے رپورٹروں کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا گیا تھا کہ اس طرح کا رویہ صحافت اقدار اور صحافیوں کے اخلاقی رویے کی منفی عکاسی کرتا ہے اور اسے فوری بند ہونا چاہیے۔
صدر بائیڈن کے ساتھ دوروں پر سفر کرنے والے صحافیوں کو اکثر ایم اینڈ ایم چاکلیٹ کے چھوٹے پیکٹ بطور سوینیئر دیے جاتے ہیں جن پر صدارتی مہر ثبت ہوتی ہے۔
تاہم جہاز کی جانچ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایئرفورس ون طیارے کے لوگو والی چیزیں جن میں تولیے اور کٹلری بھی شامل ہے جہاز سے غائب ہونے کے واقعات بہت برسوں سے عام بات ہے۔