لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط موصول ہوگیا تاہم عملے نے خط سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک موصول ہوا، آج مشکوک خط عملے نے وصول کیا، عملے کو شک گزرا تو انہوں نے خط کو کھولے بغیر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیم فوری پہنچی اور خط کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عابد عزیز شیخ کو بھی مشکوک پاؤڈر کے ساتھ دھمکی آمیز خط بھجوائے گئے تھے ۔
خطوط بھجوانے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کر رکھا ہے اور اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز ججوں کو ملنے والے خطوط میں موجود پاؤڈر میں آرسینک کا انکشاف ہوا تھا۔
مشکوک خطوں کی فرانزک رپورٹ سی ٹی ڈی کو مل گئی، ذرائع کا کہنا تھا خطوں سے ملنے والے پاؤڈرمیں 15 فیصد آرسینک پایا گیا، آرسینک زہر ہوتا ہے، سونگھنے یا سانس میں جانے سے اعصابی نظام شدید متاثر ہوتا ہے۔