eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

کراچی میں فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ حکومت کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں جھڑپ کی اطلاع ملنے کے بعد سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی ہوگئے۔

کیماڑی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فیضان علی نے جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘ایک سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی کے علاقے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (ایس آئی ٹی ای) اے کے ایک تھانے میں غیر ملکیوں اور سیکیورٹی گارڈز کے درمیان جھڑپ ہوئی۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے حکام کو واقعے میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لنجار نے ساؤتھ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ جامع تحقیقات کے ساتھ واقعے کے حقائق کی تصدیق کی جانی چاہیے اور کہا کہ انہیں انکوائری رپورٹ اور پولیس کارروائی سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ چینی ماہرین/ رہائشیوں اور غیر ملکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنیوں کا آڈٹ کیا جائے اور آڈٹ رپورٹ کو جائزے کے لیے بھیجا جائے۔

لنجار نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی فرائض انجام دینے والے گارڈز کے جسمانی اور ذہنی فٹنس ٹیسٹ کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ مکمل تربیت یافتہ اور فٹ سیکیورٹی گارڈز سے خدمات حاصل کی جائیں۔

بیان کے مطابق انہوں نے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی سیکیورٹی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں چینی شہریوں کا علاج کر رہے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے زخمی غیر ملکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکی باشندوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس سے قبل اکتوبر میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سڑک پر زوردار دھماکے میں ایک چینی شہری زخمی ہوا تھا۔ دھماکے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کالعدم مجید بریگیڈ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button