eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں

شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، شہریار آفریدی، کنول شوزاب اور فواد چوہدری کی درخواستیں بھی مسترد

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں۔

عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں شبلی فراز، شہریار آفریدی، کنول شوزاب، عمر تنویر بٹ اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی بریت کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بریت کی درخواستوں کے خلاف دلائل دیئے جبکہ وکلا فیصل چوہدری اور فیصل ملک نے قانونی ٹیم کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی نمائندگی کی۔

درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے اے ٹی سی نے کہا کہ کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد بریت کی درخواستیں بے معنی ہو گئیں۔

عدالت نے نامکمل دستاویزات کی وجہ سے چاروں ملزمان کی بیرون ملک جانے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 14 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی۔

کیس میں اب تک مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جبکہ عدالت نے کیس میں نامزد دیگر 6 ملزمان کو بھی کل (ہفتہ) طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس 9 مئی کو ہونے والے فسادات سے شروع ہوا تھا جو سابق وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پھوٹ پڑے تھے۔

پرتشدد مظاہروں میں راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)، لاہور میں کور کمانڈر کے گھر اور دیگر سمیت فوجی تنصیبات سمیت عوامی املاک پر بھی حملے کیے گئے۔

فوجی املاک پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف درجنوں مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے متعدد ارکان کو آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button