نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف مین ان بلیو کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا
بھارتی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے کرکٹرز کے اہل خانہ کو دوروں پر ان کے ساتھ جانے سے روک دیا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب مین ان بلیو کو کیویز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور آسٹریلیا میں بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز میں بھی 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بی سی سی آئی نے ہفتہ کے روز ممبئی میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جس میں بورڈ عہدیداروں ، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ، چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور کپتان روہت شرما نے شرکت کی۔
ایک بھارتی رپورٹ کے مطابق بورڈ نے اس اصول کو دوبارہ متعارف کرایا ہے جسے کوویڈ 19 وبائی امراض کے دوران ختم کردیا گیا تھا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹرز کی بیویوں اور اہل خانہ کو دوروں پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بورڈ کے عہدیداروں کا ماننا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ جانے والے خاندان، خاص طور پر بین الاقوامی دوروں پر، ان کی کارکردگی کو متاثر کرتے ہیں۔
نئے ضابطے میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹورنامنٹ 45 دن سے زیادہ چلتا ہے تو خاندان کے افراد کو صرف دو ہفتوں کے لئے رہنے کی اجازت ہوگی۔ مختصر دوروں کے لیے انہیں ایک ہفتے تک قیام کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ کرکٹ باڈی نے کھلاڑیوں کے الگ سے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اتحاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اب تمام کھلاڑی ٹیم بس سے ہی سفر کریں گے۔ کوئی کھلاڑی کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے الگ سے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔