eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

ای سی سی نے وزارت اطلاعات کو میڈیا کے واجب الادا اشتہارات کے واجبات کی کوریج کیلئے 2 ارب روپے دینے کی منظوری دے دی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت اطلاعات کو میڈیا اداروں کے واجب الادا اشتہارات کے واجبات کی کوریج کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سرکاری اشتہارات پر پالیسی نہ بنانے پر وفاقی اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک کی جانب سے اپنے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصاویر والے اشتہارات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

آج وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

ای سی سی نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مختص بجٹ 5.6 ارب روپے میں سے 2 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) حاصل کرنے کی سمری پر غور کیا اور اس کی منظوری دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ گرانٹ کا استعمال میڈیا ہاؤسز پر واجب الادا اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کے علاوہ چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

ای سی سی نے رواں مالی سال کے دوران صوبہ پنجاب میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام (ایس اے پی) پر عملدرآمد کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے 43 0 ملین روپے کی ٹی ایس جی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر (جے ایم سی اینڈ آر سی) کمپنی کے آپریشنز کے لیے 25 کروڑ روپے بطور سرکاری ادا شدہ سرمایہ مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق یہ رقم اسلام آباد میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ترین تعلیمی میڈیکل سینٹر کے قیام میں مدد دے گی۔ تاہم ای سی سی نے جے ایم سی اینڈ آر سی کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ منظور شدہ 25 کروڑ روپے کے اخراجات اور سرگرمیوں کا تفصیلی خلاصہ فراہم کرے۔

علاوہ ازیں ای سی سی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طویل مدتی فنانسنگ سہولت (ایل ٹی ایف ایف) کو ایگزم بینک کو مرحلہ وار ختم کرنے کے حوالے سے فنانس ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر بھی غور کیا۔

ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ اسٹیٹ بینک کا 330 ارب روپے کا ایل ٹی ایف ایف پورٹ فولیو مرحلہ وار ایگزم بینک کو دیا جائے گا، مالی سال 2025 کے نئے پورٹ فولیو کے لیے ایل ٹی ایف ایف سبسڈی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے ایک ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

گزشتہ ماہ ایک اجلاس میں ای سی سی نے برکس ممالک کی جانب سے قائم کردہ نیو ڈیولپمنٹ بینک (این ڈی بی) میں پاکستان کی رکنیت کی منظوری دی تھی اور تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے حصص صدر پاکستان کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button