eade58a677c44a8c91a09caecb3b1ac9

پنجاب بھر میں موسلادھار بارش کے پیش نظر شہری اور حکام الرٹ

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں اور صوبائی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ہفتہ کے روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کی اطلاعات کے پیش نظر الرٹ رہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ڈی جی کاٹھیا نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری محتاط رہیں اور بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔

آسمانی بجلی گرنے سے بچنے کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے کے دوران کبھی بھی کھلی جگہوں پر نہ رہیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آہستہ آہستہ گاڑی چلائیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے مظہر حسین کا کہنا ہے کہ عوام مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ شدید موسم کے باعث ٹھوکر سے کوٹ مومن تک ایم ٹو موٹروے، فیض پور سے درخانہ تک ایم تھری موٹروے اور لاہور سیالکوٹ موٹروے تمام بند ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے موٹر ویز بند ہیں۔

ڈی جی واسا غفران احمد کا کہنا تھا کہ تمام عملے اور مشینری کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام انڈر پاسز پر پمپ اور عملہ تیار رہے گا۔

دوسری جانب شیخوپورہ میں تیز ہواؤں کے باعث ایک مقامی فیکٹری کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں صادق آباد سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے ۔

رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر شیخوپورہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔

ایک روز قبل پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر سمیت جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button